Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
World

بنگلہ دیش میں تشدد کی آگ کے بعد کرفیو نافذ،35 افراد جاں بحق،سڑکوں پر فوج تعینات

بنگلہ دیش میں حکومت نے ریزرویشن مخالف تحریک کے دوران ہونے  والے تشدد پر قابو پانے کے لیے پورے ملک میں کرفیو کا اعلان کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش میں ریزرویشن مخالف تحریک کے دوران تشدد میں اب تک 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں 1971 کی جدوجہد آزادی میں حصہ لینے والے آزادی پسندوں کے خاندانوں کو سرکاری ملازمتوں میں دئے گئے ریزرویشن کے خلاف طلباء اور نوجوانوں کی تحریک چل رہی ہے۔ لیکن اس تحریک نے اب پرتشدد موقف اختیار کر لیا ہے۔
دارالحکومت ڈھاکہ سمیت کئی شہروں میں گزشتہ چند دنوں سے جاری تشدد کے پیش نظر بڑے پیمانے پر سکیورٹی فورسز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ لیکن جمعہ کے روز، نرسنگدی کی ایک جیل پر حملہ کرکے سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کے بعد، وزیر اعظم کے دفتر نے ملک بھر میں کرفیو کا اعلان کیا۔
حکومت کے پریس سیکرٹری نعیم الاسلام خان نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے اب فوج کو تعینات کیا جائے گا۔