Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
World

غزہ کے اسکول پر اسرائیلی فوج کا تازہ ترین حملہ،30 شہید درجنوں زخمی

اسرائیل کی فوج نے غزہ میں اسکول پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 30 سے زائد فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، اس اسکول میں بے گھر فلسطینی رہائش پذیر تھے۔
اسرائیلی فوج کا فلسطین پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین حملوں میں غزہ کے ایک اسکول پر اسرائیل نے ایئر اسٹرائک کیا جس کے نتیجہ میں 30 فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
 یہ خبر فلسطین میں موجود عہدیداروں نے دی ہے۔ اس تعلق سے اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا تھا۔
ذرائع  کے مطابق جن لوگوں پر حملہ ہوا ہے ان میں بیشتر ہجرت کر کے یہاں پہنچے تھے، حملہ کے بعد  اسکول کے احاطہ میں ہر طرف خون ہی خون پھیلا ہوا تھا۔ 
زخمیوں کو ایمبولینس کی مدد سے الاقصی ہاسپٹل داخل کرایا گیا۔ حملہ کے بعد اسرائیل کی فوج کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خدیجہ اسکول احاطہ کے اندر حماس کمانڈر اور کمانڈ سینٹر کو ہدف بنایا گیا تھا۔ 
بیان میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ اسکول کا استعمال فوجیوں کے خلاف حملہ کرنے اور اسلحہ رکھنے کی شکل میں کیا جا رہا تھا۔ 
اسرائیلی فوج نے کہا کہ حملہ سے قبل وہاں کے شہریوں کو آگاہ کر دیا گیا تھا لیکن جس طرح سے ہلاکتیں ہوئی وہ فکر انگیز ہیں، بڑی تعداد میں شہریوں کی موت کے لیے اسرائیلی فوج نے حماس کے دہشت گردوں کو قصوروا ٹھرایا اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے ہی اسکول کو دہشت گردی کا ٹھکانہ بنایا تھا اس لیے حملہ کیا گیا، حماس نے اسرائیل کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض الزام ہے، حماس کا کہنا ہے کہ اسکول میں صرف پناہ گزین موجود تھے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک 39 ہزار 258 فلسطینی شہید اور90 ہزار 589 زخمی ہوچکے ہیں۔