ملک افغانستان میں طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے،حکم نامہ کے مطابق افغان حکومت کے ملازمین کو با جماعت پانچ وقتوں کی نماز پابندی کے ساتھ ادا کرنی ہوگی،حکم کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ہیبت اللہ اخوندزادہ کے دستخط شدہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ طالبان حکومت کی وزارتوں اور اداروں کے اہلکار شریعت کے مطابق اپنے مقررہ اوقات میں باجماعت نماز ادا کرنے کے پابند ہیں،بغیرعذر شرعی نماز چھوڑنے پرملازمین سزا کے حقدار ہوں گے،
انہوں نے وزارت دعوت و رہنمائی کو مزید ہدایت کی کہ فقہ حنفی کی بنیاد پر ان سزاؤں کو نافذ کیا جائے۔
اس حکم نامے میں شہریوں کی جانب سے تنقید کی گئی ہے، انکا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کو ملک کی شدید معاشی مشکلات اور انسانی بحران سے نمٹنے کو ترجیح دینی چاہیے۔