Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

جموں وکشمیر میں دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ جاری ،کئی اہم امیدواروں کی قسمت کا ہوگا فیصلہ

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے تحت ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ 
اس مرحلے میں 26 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ان 26 سیٹوں پر 239 امیدوار میدان میں ہیں۔ دوسرے مرحلے میں وسطی کشمیر کے تین اضلاع سری نگر۔ گاندربل اور بڈگام کو بھی شامل کیا گیاہے۔ 
ساتھ ہی جموں کے ریاسی کے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں بھی ووٹنگ ہورہی ہے۔ ان علاقوں میں گزشتہ تین برسوں میں کئی دہشت گرد حملے بھی ہوچکے ہیں۔
اس مرحلے میں بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے سربراہ رویندر رینا راجوری ضلع کی نوشہرہ سیٹ سے دوبارہ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرے مرحلے میں پانچ سابق وزراء اور 10 سابق ایم ایل اے بھی میدان میں ہیں۔ 
جموں و کشمیر کے 26 اسمبلی حلقوں میں 3500 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ 
ان پر 13000 سے زائد پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ 
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے بڑی تعداد میں پولیس۔ مسلح پولیس فورس اور سنٹرل آرمڈ پیرا ملٹری فورسز کے عہدیداروں کو تعینات کیا گیاہے۔ 
عہدیداروں نے بتایا کہ ہر پولنگ اسٹیشن کے ارد گرد کثیر سطحی حفاظتی حصار بنایا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ خوف سے پاک ماحول میں ہو۔