Tuesday, October 22, 2024 | 1446 ربيع الثاني 19
Regional

تلنگانہ کابینہ کا اجلاس 26 اکتوبر تک کیلئے ملتوی

تلنگانہ کابینہ کی میٹنگ جو 23 اکتوبر کو ہونے والی تھی 26 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔یہ فیصلہ وزراء پونگولیٹی سری نواس ریڈی اور پونم پربھاکر کے جنوبی کوریا کے شہر سیول میں جاری دورے کی وجہ سے کیا گیا ہے جہاں وہ دریائے ہان کے کنارے ترقی کا معائنہ کررہے ہیں۔
وزراء ہفتہ کو اس اہم سفر پر روانہ ہوئے اور توقع ہے کہ وہ 25 اکتوبر کو حیدرآباد واپس آئیں گے۔اطلاعات کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں ریکارڈ آف رائٹس ایکٹ سے متعلق ایک نئے مسودہ بل کے بارے میں بات چیت پر توجہ دی جائے گی۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اجلاس میں تاخیر کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وزیر ریونیو کی موجودگی کے بغیر اتنے اہم بل پر بحث کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ آئندہ میٹنگ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں 26 اکتوبر کو شام 4بجے ہونے ہوگی۔ واضح رہے کہ اس میٹنگ کے ایجنڈے کے کلیدی موضوعات میں موسیٰ پروجیکٹ شامل ہے جس کا مقصد دریا کو زندہ کرنا ہے۔
اس کے علاوہ نئے راشن اور ہیلتھ کارڈز کے اجراء پر بھی تبادلہ خیال ہوگا جو شہریوں کی خوراک اور صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہیں۔