Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Regional

تلنگانہ : پولیس ملازمین کی جانب سے ریاست کے مختلف مقامات پر احتجاج جاری، حکومت نے 39 کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کو کیا معطل

تلنگانہ میں بٹالین پولیس نے یکساں پولیس پالیسی کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ چند دنوں سے سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں ۔ احتجاجی سرگرمیوں میں کانسٹیبل اور کانسٹیبل کے ارکان خاندان بھی  شرکت کررہے ہیں ۔
ہفتہ کو ریاست کے کئی مقامات پر  کانسٹیبل اور ان کی بیویوں نے سڑکوں پر زبردست احتجاج کیاجس پر ریاستی حکومت نے 39 کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کردیا۔
ورنگل ضلع کے مامنور میں چوتھی بٹالین کے کانسٹیبلوں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ انہوں نے مامنور بٹالین کمانڈنٹ کے دفتر کے باہریہ مظاہرہ کیا۔ نلگنڈہ ضلع میں بھی احتجاج کیاگیا۔
 12ویں بٹالین کے کانسٹیبلوں نے نعرے لگائے۔ رنگاریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم میں بٹالین کانسٹیبلس کے افراد خاندان نے احتجاج کیا۔ ساگر روڈ پردھرنا دیا گیا۔ 
اس کے علاوہ منچریال ضلع میں بٹالین کی بیویوں اور ان کے ارکان خاندان نے ضلع مستقرکے اوور برج پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریاست میں تمام پولیس ملازمین کیلئے یکساں پالیسی ہونی چاہیے۔
اس دوران آج ایک حکم جاری کیاگیا جس کے مطابق 39 کانسٹیبل اور ہیڈکانسٹیبل کو معطل کردیا گیا۔