گجرات کے ایک میڈیکل کالج میں ریگنگ کی وجہ سے طلباءکی موت کا چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔
گجرات کے پٹن ضلع کے جی ایم ای آر ایس میڈیکل کالج کے 15 سینئر طلباء کی جانب سے مبینہ طور پر 18 سالہ طالب علم 'انیل میتھنیا'کے ساتھ ریگنگ کی گئی،جسکی وجہ سے اسکی موت ہو گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں 15 طلباء کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس حکام نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ 18 سالہ طالب علم کی موت مبینہ طور پر ریگنگ کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ریگنگ کے تمام ملزمان ایم بی بی ایس سیکنڈ ایئر کے طالب علم ہیں۔
ایف آئی آر میں درج بیان کے مطابق، سینئر طلباء نے انیل اور دیگر جونیئرز کو ہفتے کی رات ہاسٹل کے کمرے میں تعارف کے لیے بلایا تھا۔ اس دوران انہیں فلمی گانے گانے اور ڈانس کرنے پر مجبور کیا گیا، ان کے ساتھ بدسلوکی بھی کی گئی اور تین گھنٹے تک کھڑا رکھا گیا۔ اس دوران انیل کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں چکر آیا اور وہ نیچے گر گئے۔ اس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا ،جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
ایف آئی آر میں تمام ملزمان کے خلاف قتل اور دیگر جرائم کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پٹن کے دھرپور میں جی ایم ای آر ایس میڈیکل کالج اور اسپتال کے عہدیداروں نے بتایا کہ ملزم طلباء کو ان کے ہاسٹل اور تعلیمی سرگرمیوں سے اگلے احکامات تک معطل کردیا گیا ہے۔