Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Education

یوپی پی سی ایس: طلباء کے احتجاج کے بعد نئی تاریخ کا اعلان،اب دو شفٹوں میں 22 دسمبر کو ہوگا امتحان

اتر پردیش پبلک سروس کمیشن نے امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ کمیشن نے اب 22 دسمبر کو دو شفٹوں میں امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اس سے قبل یہ امتحان 7 اور 8 دسمبر کو ہونا تھا۔
لیکن طلباء نے احتجاج کیا اور اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا اور پھر کمیشن نے اسے منسوخ کردیا۔ 
بتا دیں کہ پریاگ راج میں مسلسل پانچ دنوں سے جاری احتجاج کے درمیان کمیشن نے آج 15 نومبر جمعہ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس نوٹس کے مطابق اب امتحان 22 دسمبر کو لیا جائے گا۔ یہ امتحان دو شفٹوں میں منعقد کیا جائے گا۔ امتحان صبح 9.30 سے ​​11.30 تک پہلی شفٹ میں لیا جائے گا۔ جبکہ دوسری شفٹ میں امتحان دوپہر 2.30 سے ​​4.30 بجے تک لیا جائے گا۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ جمعرات کو ایک نوٹس جاری کر کے اس امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مطالبہ طلبا چار دنوں سے مسلسل کر رہے تھے۔ لیکن اس کے بعد بھی طلبہ نے اپنا احتجاج ختم نہیں کیا۔ طلبہ کا مطالبہ تھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہوجاتی وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ ایسے میں کمیشن نے جمعہ کو ہی پی ایس سی امتحان کی نئی تاریخ کے حوالے سے مکمل معلومات دے دی ہیں۔
اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (UPPSC) نے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کی پہل پر ، مسابقتی طلبا کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ پی سی ایس (ابتدائی) امتحان -2024 ایک ہی دن منعقد کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ نیز، ریویو آفیسر (RO) اور اسسٹنٹ ریویو آفیسر (ARO) امتحان 2023 کو ملتوی کرتے ہوئے، اس کی شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کو جلد رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔