بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور سابق وزیر تیج پرتاپ یادو اور ایشوریا رائے کے طلاق کے معاملے میں سماعت ہوگی۔ اس کیس کی سماعت پٹنہ فیملی کورٹ میں کی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ طلاق کے مقدمے کی سماعت کے دوران تیسری بار دونوں کے درمیان صلح کی کوشش کی جائے گی۔ اس سے پہلے یہ معاملہ پٹنہ ہائی کورٹ پہنچا تھا، جہاں نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
ہائی کورٹ نے اس معاملے میں پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ وہ اس میں مداخلت نہیں کرے گی اور دونوں فریقین ثالثی کے عمل میں تعاون کریں۔ یاد رہے کہ ایشوریا رائے نے گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں، جبکہ تیج پرتاپ یادو طلاق پر قائم ہیں۔ اسی دوران عبوری نان و نفقہ اور رہائش کو لے کر بھی تنازع جاری ہے۔ ایشوریا رائے، تیج پرتاپ یادو کی پہلی اہلیہ ہیں۔ تیج پرتاپ یادو اس وجہ سے بھی خبروں میں ہیں کہ ان کی مبینہ گرل فرینڈ انوشکا یادو نے ایک بچے کو جنم دیا ہے۔ تاہم تیج پرتاپ نے وضاحت کی ہے کہ ان کا انوشکا اور بچے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تیج پرتاپ یادو نے مئی 2025 میں انوشکا یادو کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی۔ تصویر سامنے آنے کے بعد لالو پرساد یادو نے انہیں پارٹی اور خاندان سے باہر کر دیا تھا۔ یہ رشتہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایشوریا رائے سے طلاق کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت تھا۔
تیج پرتاپ اور ایشوریا کی شادی 12 مئی 2018 کو ہوئی تھی۔ دونوں خاندان سیاسی پس منظر رکھتے ہیں۔ تیج پرتاپ، لالو پرساد یادو کے بیٹے ہیں جبکہ ایشوریا سابق وزیر چندریکا رائے کی بیٹی اور سابق وزیر اعلیٰ داروگا رائے کی پوتی ہیں۔
2019 میں ایشوریا نے الزام لگایا تھا کہ انہیں رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر بال کھینچ کر مارا گیا اور ان کا فون چھین لیا گیا۔ اس کے بعد چندریکا رائے اپنی اہلیہ اور حامیوں کے ساتھ رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ تب سے یہ معاملہ بڑھتا گیا اور بالآخر طلاق تک جا پہنچا۔