• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • آن لائن دینی تعلیم دینے والے استاد کے گھر پر چھاپہ ماری

آن لائن دینی تعلیم دینے والے استاد کے گھر پر چھاپہ ماری

Reported By: Munsif Bureau | Edited By: Munsif Bureau | Last Updated: Dec 12, 2024 IST

image
جھانسی: ریاست اترپردیش کے ضلع جھانسی میں این آئی اے اور اے ٹی ایس نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر جمعرات کی صبح تقریباً 4 بجے ایک استاد کے گھر پر چھاپہ مارا۔ مذکورہ استاد آن لائن کلاسز چلاتے ہیں۔ کوتوالی کے علاقے میں سلیم باغ کے باہر دتیا گیٹ کے رہائشی خالد ندوی دینی تعلیم کی آن لائن اور آف لائن کلاسز چلاتے  ہیں۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر جمعرات کی صبح ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ ساتھ ہی این آئی اے کی ٹیم نے دارالعلوم دیوبند کے آس پاس کے علاقے میں بھی چھاپہ مارا ہے۔ این آئی اے کی ٹیم نے دو نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔ این آئی اے دونوں نوجوانوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ 
 
تحقیقاتی اداروں کے اہلکار استاد خالد ندوی سے بند کمرے میں پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ خالد کے گھر آنے سے پہلے ٹیم مکریانہ میں چھوٹی مسجد کے رہنے والے ان کے رشتہ دار صابر ندوی کے گھر بھی پہنچی اور ان سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی۔ رشتہ دار صابر ندوی سے ایک گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد مرکزی تفتیشی ایجنسی کے اہلکار پولیس کے ساتھ خالد کے گھر پہنچے۔ خالد سے وہاں بند کمرے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کی اچانک آمد سے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔
 
ادھر مقامی رہائشی شاکر مکرانی کا کہنا ہے کہ ''جس شخص سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے وہ بچوں کو مذہبی تعلیم دیتے ہیں۔ وہ بہت سے بچوں کو مفت تعلیم بھی فراہم کراتے ہیں۔ لیکن جن الزامات پر ان سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے وہ ایسے معاملات سے دور رہیں۔ ان کا کسی بیرونی فنڈنگ ​​سے کوئی تعلق نہیں ہے''۔