ساؤتھ کے سپر اسٹار اللو ارجن کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ ضمانت کے بعد اللو ارجن نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اوربھگدڑ میں خاتون کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اللو ارجن نے کہاکہ'پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ میں ٹھیک ہوں میں قانون کی پاسداری کرنے والا شہری ہوں اور تعاون کروں گا۔ میں ایک بار پھر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ یہ ایک افسوسناک واقعہ تھا، ہمیں افسوس ہے کہ ایسا ہوا کہ ایک خاندان فلم دیکھنے جاتا ہے اوران میں کوئی جان کی بازی ہار جاتا ہے۔ یہ میرے اختیار میں نہیں تھا۔ میں 20 سال سے فلمیں دیکھنے جا رہا ہوں۔ میں وہاں کم از کم 30 بار فلم دیکھنے گیا ہوں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا۔ یہ ایک حادثہ تھا ۔
اداکار نے مزید کہا کہ ہم کسی کی زندگی کے نقصان کی تلافی کبھی نہیں کر سکتے، لیکن میں ان کی ہر ممکن مدد کروں گا۔ میں قانون کی پیروی کرنے والا شہری ہوں۔
آپ کو بتا دیں کہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں 'پشپا 2' کی اسپیشل اسکریننگ کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی تھی۔ اداکار اللو ارجن کو کل (13 دسمبر) اسی معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اللو ارجن کو 14 دن کے ریمانڈ پر بھیجے جانے کے بعد جمعہ کو چنچل گوڑہ ا سنٹرل جیل لے جایا گیا۔ تاہم بعد میں تلنگانہ ہائی کورٹ نے انہیں 50,000 روپے کے ذاتی مچلکے پر عبوری ضمانت دے دی۔ لیکن اس کے بعد بھی انہیں رات جیل میں گزارنی پڑی کیونکہ مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ ضمانت کے آرڈر کی کاپیاں آن لائن اپ لوڈ نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے اداکار کو رات جیل میں گزارنی پڑی۔