• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • آئی ڈی ایف کے چیف ہرزی حلوی نے استعفیٰ کا اعلان کردیا

آئی ڈی ایف کے چیف ہرزی حلوی نے استعفیٰ کا اعلان کردیا

Reported By: | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jan 22, 2025 IST

image
 
اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی(Herzi Halevi)نے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 6 مارچ٢٠٢٥ کو اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
 
 ایک بیان میں اسرائیلی فوجی سربراہ نے کہا کہ وہ 7 اکتوبر کو IDF کی ناکامیوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد مستعفی ہو رہے ہیں۔Herzi Halevi نے کہا کہ 6 مارچ تک وہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کی تحقیقات مکمل کریں گے اور آئی ڈی ایف کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کریں گے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق IDF کے سربراہ نے اپنے استعفیٰ میں لکھا، 'گزشتہ چار دہائیوں سے اسرائیل کے دفاع کا مشن میری زندگی کا محرک رہا ہے۔ ایک سپاہی اور نوجوان کمانڈر کی حیثیت سے اپنے ابتدائی دنوں سے لے کر چیف آف سٹاف کے کردار تک، میں نے IDF کا حصہ ہونے پر فخر محسوس کیا ہے۔ Halevi نے اپنے استعفیٰ میں لکھا  7 اکتوبر کی صبح IDF،اسرائیلی شہریوں کے تحفظ میں ناکام رہا۔ 
 
اسرائیلی عوام نے جانوں کے ضیاع، یرغمال بنائے جانے اور جسمانی اور جذباتی چوٹوں کی صورت میں بھاری  قیمت ادا کی۔ اس خوفناک ناکامی کی ذمہ داری ہر دن اور ہر گھنٹے مجھ پر عائد ہوتی ہے، اور زندگی بھر میرے ساتھ رہے گی۔7 اکتوبر کو IDF چیف کی ناکامی کی اپنی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے، اور ایک ایسے وقت میں جب IDF نے غیر معمولی کامیابیاں ریکارڈ کی ہیں اور اسرائیل کی ڈیٹرنس اور طاقت کو بحال کیا ہے، میں  6 مارچ  2025 کو اپنی مدت پوری کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔
 
حلوی نے کہا کے یہ فیصلہ بہت پہلے لیا گیا تھا۔ اب، تمام جنگی میدانوں پر آئی ڈی ایف کا غلبہ ہے اور یرغمالیوں کی واپسی کے معاہدے پر بات چیت چل رہی ہے ۔ اسرائیل اور حماس نے اتوار کے روز جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد شروع کیا جس میں یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے۔
 
اسی دوران اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے بھی منگل (21 جنوری) کو وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔  انہوں نے فوجی سربراہ ہرزی حلوی کو مستعفی ہونے پر سلام پیش کیا اور مزید کہا کے اب وقت آگیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اپنی ذمہ داری لیں اور استعفیٰ دیں۔
 
حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملہ کیا اور تقریباً 1200 افراد کو ہلاک اور 251 افراد کو یرغمال بنا لیا۔ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر حملے شروع کیے جس میں کم از کم 47,035 فلسطینی شہید اور 111,091 زخمی ہوئے۔