• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • انتخابات سے قبل دہلی کی خواتین کے لیےبڑا تحفہ، کابینہ نے وزیر اعلیٰ مہیلا سمان ندھی کو دی منظوری

انتخابات سے قبل دہلی کی خواتین کے لیےبڑا تحفہ، کابینہ نے وزیر اعلیٰ مہیلا سمان ندھی کو دی منظوری

Reported By: Munsif Bureau | Edited By: Munsif Bureau | Last Updated: Dec 12, 2024 IST

image
عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دہلی کی خواتین کے لیے   بڑا فیصلہ لیا ہے۔ موجودہ مالی سال میں حکومت نے دہلی میں 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین کو وزیر اعلیٰ مہیلا سمان ندھی کے طور پر 1000 روپے ماہانہ دینے کا اعلان کیا تھا، اس اعلان کے بعد آج دہلی کابینہ نے اسے منظوری دے دی ہے۔ اب اس تجویز کو حتمی منظوری کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس بھیجا جائے گا۔
اس موقع پر اروند کیجریوال نے کہا، "آج میں دو بڑے اعلان کرنے جا رہا ہوں اور یہ دونوں دہلی کی ماؤں بہنوں کے لیے ہیں۔ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم ہر ماہ خواتین کے کھاتوں میں 1000 روپے جمع کرائیں گے۔ کابینہ نے اسے پاس کیا ہے اس کے لیے خواتین کو رجسٹر کرنا ہوگا، ایک بار رجسٹر ہونے کے بعد ان کے اکاؤنٹ میں ہر ماہ ہزار روپے آنے لگیں گے۔
سابق وزیر اعلی نے کہا، ہم اسے گزشتہ اپریل میں شروع کرنے والے تھے، لیکن بدقسمتی سے ان لوگوں نے مجھے غلط کیس میں جیل بھیج دیا، میں 6-7 ماہ تک جیل میں رہا اور باہر آنے کے بعد، آتشی اس اسکیم کو نافذ کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوئی۔ اسے آج نافذ کیا گیا ہے اور اس سے حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہوگا بلکہ دہلی حکومت کو فائدہ ہوگا۔
کیجریوال نے مزیدکہا کہ بی جے پی والے کہتے ہیں کہ پیسہ کہاں سے آئے گا۔ جب میں مفت بجلی دے رہا تھا تب بھی وہ یہی کہتے تھے۔ میں ایک جادوگر ہوں۔ میں جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کل سے شروع ہو جائے گی انتخابات کے بعد آپ کے اکاؤنٹ میں 1000 روپے کی بجائے 2100 روپے آئیں گے۔ الیکشن جیت کر جب ہماری حکومت بنے گی تو ہم آپ کے اکاؤنٹ میں 2100 روپے دیں گے۔
بتادیں کہ وزیر اعلیٰ آتیشی کی صدارت میں جمعرات کو کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ مہیلا سمان یوجنا کو منظوری دی گئی۔ اس اسکیم کے تحت دہلی میں رہنے والی 18 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو ایک ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس اسکیم کا اعلان سب سے پہلے وزیر اعلیٰ آتشی نے رواں مالی سال کا بجٹ پیش کرتے وقت کیا تھا۔ حکومت نے 4 مارچ کو اسمبلی میں اس اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ یہ دہلی کی خواتین کو بااختیار بنانے کی طرف ایک قدم ہے۔ اب خواتین کے لیے 12 ہزار روپے کا سالانہ تحفہ حاصل کرنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ اب 18 سال سے زیادہ عمر کی تمام بہنوں، بیٹیوں اور ماؤں کو وزیر اعلیٰ مہیلا سمان یوجنا کے تحت ماہانہ 1000 روپے دیے جائیں گے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں اروند کیجریوال نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جو گزشتہ اسمبلی انتخابات کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ 
اس وقت تک دہلی میں ماہانہ 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لوگ اپنے بلوں میں 50 فیصد چھوٹ حاصل کرتے تھے۔ لیکن 2020 کے اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے کیجریوال نے 200 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ دہلی کی ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کے لیے مفت بس سفر کا بھی اعلان کیا گیا۔ اب کی بار دہلی حکومت نے وزیر اعلیٰ مہیلا سمان ندھی کے تحت خواتین کو ماہانہ ہزار روپے دینے کا اعلان کر کے ایک نیا داؤکھیلا ہے۔