بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی کی طبیعت بگڑ گئی ہے۔ انہیں دہلی کے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ لال کرشن اڈوانی کی عمر 97 سال ہے۔ گذشتہ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت ناساز تھی۔ انہیں ہفتہ کو اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ انہیں گزشتہ 4-5 ماہ میں چوتھی بار اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔اس سے قبل انہیں اگست کے مہینے میں اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
لال کرشن اڈوانی کچھ عرصے سے صحت سے متعلق مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسی سال انہیں ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا گیا۔ ذرائع کے مطابق صحت سے متعلق مسائل کی وجہ سے وہ راشٹرپتی بھون میں ہونے والی تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔ انہیں ان کی رہائش گاہ پر ہی بھارت رتن دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ 8 نومبر کو پی ایم نریندر مودی بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کے یوم پیدائش پر انہیں مبارکباددینے کے لیے ان کے گھر پہنچے تھے۔ پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تصویر بھی شیئر کی ، جس میں پی ایم مودی کو لال کرشن اڈوانی کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔