حیدرآباد: تلنگانہ کے کھمم ضلع میں 10ویں جماعت کے ایک طالبہ نے خودکشی کرلی۔ متوفی کی شناخت 14 سالہ منورو لکشمی نکشترا کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ کھمم کے ایک پرائیویٹ سکول میں پڑھتی تھی۔ اس کے والد ایم نوین ایک طبی نمائندے کے طور پر کام کرتے ہیں اور محبوب آباد ضلع کے تھورور گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں. طالبہ گزشتہ کچھ دنوں سے بیمار تھی۔ پیر کی صبح وہ قلم خریدنے کے لیے نکلی اور کافی دیر سے گھر پہنچی کیونکہ اس نے گھر آنے کے لیے دوسرے راستے کا انتخاب کیا چونکہ معمول کے راستے پر آوارہ کتوں کا جُھنڈ موجود تھا۔
پولیس کے مطابق طالبہ کے والدین نے دیر سے آنے پر اسے ڈانٹا۔ ڈانٹا سے پریشان ہو کر وہ یہ کہہ کر گھر سے نکل گئی کہ وہ سکون کی تلاش میں باہر جارہی ہے۔ شروع میں والدین نے لکشمی کی باتوں پر دھیان نہیں دیا۔ بعد میں وہ گھبرا گئے کیونکہ اس نے کبھی ان سے بدتمیزی سے بات نہیں کی۔ نوین اور ان کی بیوی انورادھا نے اپنی بیٹی کو تلاش کرنا شروع کیا، سب سے پہلے قریبی رشتہ داروں کی رہائش گاہوں پر گیے، بعد ازاں انہوں نے لڑکی کو ریلوے اسٹیشن اور آس پاس کے علاقوں میں تلاش کیا لیکن اس وقت تک لڑکی نے ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کر لی۔
اپنی بیٹی کی تلاش کے دوران لکشمی کے والدین نے کھمم کے قریب ریلوے ٹریک پر مونڈی گیٹ کے علاقے میں لوگوں کے ایک گروپ کو جمع دیکھا اور وہاں اپنی بیٹی کو ریلوے ٹریک پر مردہ پڑا دیکھ کر رونے لگے۔ جی آر پی ایس آئی بھاسکر راؤ نے لڑکی کے رشتہ داروں کی شکایت کی بنیاد پر واقعہ کے سلسلے میں ایک کیس درج کیا اور اس کی جانچ شروع کردی۔ اس واقعہ سے مملا گوڈیم کے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی، متوفی طالبہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کلاس ٹاپر اور ریاستی سطح کی باسکٹ بال کھلاڑی تھی۔