قومی دارالحکومت نئی دہلی کے تقریباً 40 اسکولوں کو بموں سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ آج صبح 7 بجے آر کے پورم کے ڈی پی ایس۔ جی ڈی گوینکا اسکول اور مدر میری اسکول سمیت 40 اسکول انتظامیہ کو بم کی دھمکی کا ای میل موصول ہوا۔
اس وقت تک بچے اپنی کلاسوں کیلئے اسکول پہنچ چکے تھے۔ دھمکی کا معاملہ سامنے آتے ہی بچوں کو پہلے گھر بھیج دیا گیا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ فائر ڈپارٹمنٹ اور دہلی پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی۔دھمکی آمیز ای میل میں لکھاگیا ہے کہ اسکول کیمپس میں کئی بم نصب کیے گئے ہیں۔ بم بہت چھوٹے ہیں اور چھپائے گئے ہیں۔ اس کے پھٹنے سے کئی لوگ زخمی ہو سکتے ہیں۔
ساتھ ہی ای میل میں 30 ہزار ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیاہے۔ اس میں مزید کہاگیاہے کہ بم اتنے چھوٹے ہیں کہ وہ آسانی سے ملنے والے نہیں ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی ای میل موصول ہونے کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی دہلی کے اسکولوں۔ کالجوں اور اسپتالوں کو بم کی دھمکیوں والی ای میل موصول ہوچکی ہیں۔
تحقیقات کے دوران ایسی تمام دھمکیاں جعلی پائی گئیں۔ اس سے قبل 19 نومبر کو دہلی ہائی کورٹ نے دہلی حکومت اور دہلی پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ بم کے خطرات اور متعلقہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک تفصیلی ایس او پی سمیت ایک جامع ایکشن پلان تیار کریں۔ عدالت نے ان ہدایات کو مکمل کرنے کیلئے 8ہفتوں کی مہلت مقرر کی ہے۔