جموں: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں گزشتہ چند دنوں کے دوران کم از کم سات افراد کی موت ہو گئی ہے، جس نے ممکنہ وباء کے بارے میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ صحت کے حکام کو وائرل انفیکشن کا شبہ ہے لیکن وہ ممکنہ وجہ کے طور پر فوڈ پوائزننگ کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں کے پرنسپل نے ہفتہ کو صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ہلاکتوں کے پیچھے وائرل انفیکشن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی، پی جی آئی چندی گڑھ اور این سی ڈی سی دہلی کے ماہرین کو بلایا ہے، جو اس وقت جموں میں تفصیلی مطالعہ کر رہے ہیں۔
ابتدائی طور پر ان اموات کا تعلق شادی میں کھائے جانے والے کھانے سے تھا، جس سے فوڈ پوائزننگ کی قیاس آرائیاں ہوئیں۔ تاہم متاثرہ علاقے کے 1,800 سے زیادہ رہائشیوں کی صحت کے محکمے کی فوری اسکریننگ میں کسی غیر معمولی علامات کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ جی ایم سی کے پرنسپل نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے، اور صورتحال قابو میں ہے۔
یہ ہلاکتیں دو الگ الگ واقعات میں ہوئیں۔ پہلے واقعے میں ایک خاندان کے پانچ افراد گھر کا پکا ہوا کھانا کھانے کے بعد شدید قے کی وجہ سے دم توڑ گئے جبکہ صرف پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ایک اور واقعے میں، اسی طرح کی بیماری اور اموات نے مزید خدشات کو جنم دیا۔ جی ایم سی جموں میں خاندان کے دو دیگر افراد کی حالت نازک ہے۔ مقامی ایم ایل اے چودھری جاوید اقبال نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔