• News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی،نول ٹاٹا، ٹاٹا ٹرسٹ کے نئے چیئرمین منتخب

رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی،نول ٹاٹا، ٹاٹا ٹرسٹ کے نئے چیئرمین منتخب

Reported By: Munsif Bureau | Edited By: Munsif Bureau | Last Updated: Oct 11, 2024 IST

image
نول ٹاٹا کو 'ٹاٹا ٹرسٹ 'کا نیا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔  رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد یہ ذمہ داری نول ٹاٹا کو سونپی گئی ہے۔ 1991 میں جب رتن ٹاٹا کو ٹاٹا گروپ کی ذمہ داری سونپی گئی تو وہ ٹاٹا ٹرسٹ کے چیئرمین کے عہدے پر بیٹھے تھے۔
 لیکن اب ٹاٹا ٹرسٹ نے متفقہ طور پر یہ کمان نول ٹاٹا کو سونپ دی ہے۔ 'نول ٹاٹا' رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی ہیں جو گزشتہ 40 سالوں سے ٹاٹا گروپ سے وابستہ ہیں۔ 
نول ٹاٹا نے 'ٹاٹا ٹرسٹ' کے کام کاج میں بہت فعال کردار ادا کیا ہے۔ اس وقت وہ سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ اور سر دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ کے ٹرسٹی ہیں جو ٹاٹا ٹرسٹ کے تحت آتا ہے۔ یہ ٹرسٹ نہ صرف ٹاٹا گروپ کی فلاحی سرگرمیوں کا انتظام کرتا ہے، بلکہ ٹاٹا ٹرسٹ کے پاس ٹاٹا سنز میں بھی 66 فیصد کی اکثریت ہے، جو ٹاٹا گروپ کی پیرنٹ کمپنی ہے۔  
نول ٹاٹا 'ٹاٹا گروپ 'کی کئی کمپنیوں کے بورڈ میں شامل ہیں۔ وہ ٹاٹا گروپ کی خوردہ کمپنی ٹرینٹ، ٹاٹا انٹرنیشنل لمیٹڈ، ٹاٹا انویسٹمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین اور ٹاٹا اسٹیل اور ٹائٹن کے وائس چیئرمین بھی ہیں۔' ٹرینٹ' کی ان کے دور میں کامیابی کا ہر طرف چرچا ہے۔ ٹرینٹ کی مارکیٹ کیپ 2.93 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ نول ٹاٹا اگست 2010 سے نومبر 2021 تک ٹاٹا انٹرنیشنل لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر تھے اور ان کے دور میں کمپنی کا کاروبار $500 ملین سے بڑھ کر $3 بلین ہو گیا۔