• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • پٹنہ میں نوجوان کے سر میں گولی مار کر قتل

پٹنہ میں نوجوان کے سر میں گولی مار کر قتل

Reported By: Munsif Bureau | Edited By: Munsif Bureau | Last Updated: Dec 08, 2024 IST

image
پٹنہ: ریاست بہار کے دارالحکومت  پٹنہ میں حالیہ دنوں میں مجرمانہ واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ آئے روز چوری، ڈکیتی، اغوا اور قتل کے واقعات منظر عام پر آ رہے ہیں۔ اب ایک بار پھر پٹنہ سے متصل مسورہی اور دھنروا میں صبح سویرے ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے، جب کہ مادھوچک گاؤں میں ایک بزرگ کو جے سی بی سے کچل کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
 
اتوار کی صبح دھنروا تھانہ علاقہ کے ویر گاؤں کے قریب کھیت میں ایک نوجوان کی لاش دیکھ کر گاؤں والوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ نوجوان کے سر میں تین گولیوں کے نشانات پائے گئے۔ متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ایف ایس ایل کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور تفتیش میں مصروف ہے۔ پولیس افسر کے مطابق نوجوان کو قتل کرنے کے بعد لاش یہاں لاکر پھینک دی گئی، جس کی تفتیش جاری ہے۔
 
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ جب ہم صبح کھیت میں رفع حاجت کے لیے جا رہے تھے تو کھیت میں ایک نوجوان کی لاش پڑی ہوئی ملی، فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، ایسا لگتا ہے کہ نوجوان کو تین گولیاں ماری گئی ہیں۔ 
 
دھنروا پولیس اسٹیشن کےتھانہ صدر شوبھندو کمار نے بتایا کہ ویر گاؤں کے قریب ایک کھیت میں ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ سر پر گولیوں کے نشانات ہیں۔ ایف ایس ایل ٹیم کو بلایا گیا ہے۔ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی متوفی کی شناخت کی جا رہی ہے۔