نئی دہلی: بھارت کی اسٹار خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو جلد شادی کرنے والی ہیں۔ سندھو حیدرآباد میں مقیم آئی ٹی پروفیشنل وینکٹ دتہ سائی سے 22 دسمبر کو راجستھان کے ادے پور میں شادی کریں گی۔ ان کی شادی کی تقریبات 20 دسمبر سے شروع ہوں گی جب کہ ان کی استقبالیہ تقریب 24 دسمبر کو حیدرآباد میں ہوگی۔
وہیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر نے اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو کو ان کی شادی پر مبارکباد دی ہے۔ دراصل سندھو اپنے ہونے والے شوہر کے ساتھ سچن کے گھر پہنچی اور انہیں اپنی شادی میں مدعو کیا۔ سابق کرکٹر نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر اس دوران لی گئی ایک تصویر کو شیئر کرکے سندھو کو مبارکباد دی ہے۔
سچن ٹنڈولکر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بیڈمنٹن میں اسکور ہمیشہ 'پیار' سے شروع ہوتا ہے۔ وینکٹ دتہ سائی کے ساتھ آپ کا خوبصورت سفر یقینی بناتا ہے کہ یہ ہمیشہ 'پیار' کے ساتھ جاری رہے گا۔ ہمیں اپنے خاص دن کا حصہ بننے کے لیے ذاتی طور پر مدعو کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ آپ دونوں کی زندگی بھر کی شاندار یادوں اور لامتناہی خوشی کی خواہش کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ سندھو ہندوستان کی بہترین شٹلرز میں سے ایک ہیں۔ وہ ہندوستان کے لیے لگاتار اولمپک تمغے جیتنے والی دوسری ہندوستانی ہیں۔ انہوں نے پہلے 2016 کے ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور پھر 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ سندھو 2017 میں عالمی درجہ بندی میں نمبر 2 پر پہنچ گئی تھیں۔