حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے کوٹی ویمنس کالج میں آٹھ دسمبر کو کتوں کے حملے میں دو طالبات زخمی ہوگئیں۔ زخمی طالبات کی شناخت پرنوی اور انکیتا کے طور پر ہوئی ہے۔ حملے کے دوران دونوں پھسل گئیں جس کے باعث پرنوی کا ایک کان زخمی ہوگیا جبکہ دوسری طالبہ انکیتا کے پیشانی پر زخم آئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں طالبات کتوں کے جُھنڈ کو دیکھ کر گھبرا گئیں اور بھاگنے لگیں۔
کتوں نے تیزی کے ساتھ پرنوی اور انکیتا کا پیچھا کیا اور ان پر حملہ کیا، اس دوران دونوں پھسل گئیں، جس کی وجہ سے ان کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ 7 دسمبر کو تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں ایک پاگل آوارہ کتے نے 11 بچوں کو زخمی کر دیا، جن میں سے سبھی کی عمر 12 سال سے کم تھیں۔