نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کھیلوں سے متعلق تمام مسائل پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔ ایڈیلیڈ میں بارڈر گواسکر ٹرافی کا دوسرا ٹیسٹ گلابی گیند سے کھیلا گیا۔ اس میچ میں ٹریوس ہیڈ اور محمد سراج کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس پر اب ہربھجن سنگھ نے اپنا ردعمل دیا ہے۔
اُن دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا، جب ٹریوس ہیڈ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 140 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سراج کی فل ٹاس گیند پر ہیڈ کلین بولڈ ہوئے۔ اس کے بعد پچ پر ہی دونوں کے درمیان بحث ہوگءی، اس کے بعد آئی سی سی نے محمد سراج پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جب کہ ہیڈ اور سراج کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی۔ سراج اور ہیڈ کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بنایا گیا ہے۔ہربھجن سنگھ نے اس پورے معاملے کے بعد آئی سی سی کے فیصلے کو انتہائی سخت قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہربھجن نے دونوں کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ اس تنازعہ کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھیں اور گابا میں ہونے والے ٹیسٹ پر توجہ دیں۔
ہربھجن نے کہا کہ ٹھیک ہے، مجھے لگتا ہے کہ آئی سی سی کھلاڑیوں پر تھوڑا سخت ہے۔ یہ چیزیں میدان میں ہوتی ہیں۔ جو ہوا اسے بھول جائیں اور آگے بڑھیں۔ کھلاڑیوں نے صلح کر لی اور ایک دوسرے سے بات کی۔ ویسے بھی آئی سی سی نے کھلاڑیوں کو سزا دی ہے۔ ان تمام تنازعات کے بجائے کرکٹ پر توجہ دیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بارڈر گواسکر ٹرافی کا تیسرا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 دسمبر تک برسبین میں کھیلتی نظر آئیں گی۔ فی الحال 2 ٹیسٹ میچوں کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہے۔