دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کیلئے 5 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں 699 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔ الیکشن میں 1522 کاغذات نامزدگی داخل کیے جانے کے بعد کمیشن نے 981 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے۔ اس کے بعد ہونے والی جانچ پڑتال میں 719 دعویدار رہے۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے عمل کے بعد اب 70 اسمبلی حلقوں میں 699 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔
کس سیٹ پر سب سے کم اور زیادہ امیدوار؟
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے ملی اطلاع کے مطابق سب سے سخت مقابلہ نئی دہلی اسمبلی سیٹ پر ہوگا۔ یہاں مختلف جماعتوں کے 23 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں۔ دوسری طرف کستوربا نگر اسمبلی اور پٹیل نگر اسمبلی دہلی میں سب سے کم امیدواروں والی نشستیں بن گئی ہیں۔ ان دو سیٹوں پر کانگریس۔ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی سمیت کل پانچ امیدوار میدان میں ہیں۔ کالکاجی اسمبلی سیٹ پر بھی سخت لڑائی ہے۔ کانگریس۔ بی جے پی کے مضبوط رہنماؤں کے علاوہ 10 دیگر امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ اسی طرح جنگ پورہ اسمبلی سیٹ پر نو امیدوار میدان میں ہیں۔دوسری طرف گریٹر کیلاش۔ تری نگر اور تلک نگر اسمبلی حلقوں میں چھ امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جبکہ چاندنی چوک۔ ترلوک پوری۔ کرشنا نگر۔ دہلی کینٹ۔ راجندرا نگر۔ نریلا۔ بوانا۔ شکور بستی۔ مالویہ نگر۔ دیولی اور پالم میں سات سات امیدوار میدان میں ہیں۔
کیجر یوال نے کیا کہا؟
عام آد می پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے دہلی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہلی میں پانی اور بجلی مفت کردیا ہے ۔ لیکن مجھے پتہ چلا ہے کہ کرایہ داروں کو اس کا فائدہ نہیں مل رہا ہے۔ ہم ایک ایسی اسکیم لائیں گے جس کے ذریعے کرایہ داروں کو بھی مفت پانی اور بجلی ملے گی ۔ اسکے علاوہ اروند کیجریوال نے سوال کیا کہ دہلی کی حکمرانی میں آدھی حصہ داری رکھنے والی بی جے پی نے پچھلے 10 سالوں میں کیا کیا ہے ۔؟ انہیں صرف دہلی میں امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، لیکن آج دہلی میں گینگ وار ہو رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے وزیر اعلیٰ آتشی کو لکھا خط :
کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نےایمس کے باہر علاج کے انتظار میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے لوگوں کے مسائل کو لے کر مرکزی وزیر جے پی نڈا اور دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کو ایک خط لکھا ۔ اس خط میں راہل گاندھی نے کہا کہ وہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک بھر سے آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے میں نے وزیر اعلیٰ آتشی اور مرکزی وزیر صحت کو خط لکھا ہے ۔
مریض شدید سردی میں میٹرو اسٹیشن کے نیچے سونے پر مجبور :راہل گاندھی
حال ہی میں نے دیکھا کہ یہ مریض شدید سردی میں میٹرو اسٹیشن کے نیچے سونے پر مجبور ہیں۔ ان کے لئے پینے کے پانی یا بیت الخلاء کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ آس پاس کوڑے کے ڈھیر بھی پڑے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کا دہلی ایمس میں آنا یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ جہاں لوگ رہتے ہیں وہاں لوگوں کو سستی اور اچھے معیار کی صحت کی سہولیات نہیں مل رہی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ میرے خط کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت اس بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔