• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • غازی آباد میں تین منزلہ مکان میں خوفناک آتشزدگی، 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

غازی آباد میں تین منزلہ مکان میں خوفناک آتشزدگی، 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

Reported By: | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jan 19, 2025 IST

image
غازی آباد کے لونی علاقے میں آج صبح ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں کنچن پارک علاقے میں واقع ایک مکان کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی۔ واقعے میں ایک خاتون اور تین بچے جاں بحق ہو گۓ جبکہ پانچ افراد زخمی ہوۓ ہیں۔ حادثے کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
 
اس دوران فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے دیوار اور چھت توڑ کر اندر پھنسے لوگوں کو باہر نکالا۔ اس واقعے میں 32 سالہ خاتون گلبہار، شوہر شاہنواز اور ان کے تین بچے آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گلبہار اور تین بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔ شاہنواز سمیت دیگر زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
 
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ گھر میں سلائی کا کام کیا جاتا تھا۔ آگ موقع پر موجود کپڑوں اور سلائی مشینوں میں تیزی سے پھیل گئی۔ یہ گھر ایک تنگ گلی میں واقع تھا اور 50 گز میں بنایا گیا تین منزلہ مکان تھا۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ دوسری اور تیسری منزل تک پہنچ گئی۔ آگ لگنے کا وقت رات کا بتایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے کسی کو آگ کا احساس نہ ہو سکا اور دم گھٹنے سے خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق گھر میں خاندان کے آٹھ افراد موجود تھے۔ ان میں سے چار کی لاشیں ملی ہیں، مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کی  تحقیقات کی جا رہی ہیں۔