• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • اروند کیجریوال کا اعلان:انتخابات کے بعد طلبہ کے لیے ڈی ٹی سی میں کرایہ معاف، میٹرو میں 50 فیصد کی چھوٹ

اروند کیجریوال کا اعلان:انتخابات کے بعد طلبہ کے لیے ڈی ٹی سی میں کرایہ معاف، میٹرو میں 50 فیصد کی چھوٹ

Reported By: | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jan 17, 2025 IST

image
عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل ایک اور بڑا انتخابی وعدہ کیا ہے۔خواتین کے بعد اب انہوں نے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) کی بسوں میں دہلی کے طلباء کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم، طلباء کو یہ سہولت صرف اسی صورت میں فراہم ہو گی جب عآپ دہلی میں انتخابات جیتتی ہے اور پھر حکومت بناتی ہے۔
 

کیجریوال نے کیا اعلان کیا؟ 

کیجریوال نے کہا کہ ہم طلباء کے لیے ٹرانسپورٹ کو قابل رسائی بنانا چاہتے ہیں۔ اگر عآپ انتخابات جیت جاتی ہے، تو ہم دہلی میں طلباء کے لیے بس سفر مفت کرنے کے ماڈل پر کام کر رہے ہیں۔ طالبات پہلے ہی اس سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔بتادیں کہ کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا  کہ دہلی کے اسکول اور کالج کے طلباء کو میٹرو کرایہ میں 50 فیصد رعایت فراہم ہو۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے ہزاروں اسکول اور کالج کے طلباء روزانہ میٹرو میں سفر کرتے ہیں۔ مہنگے ٹکٹوں کی وجہ سے ان کے والدین پر مالی بوجھ ہے۔ اس لیے مرکز کو 50 فیصد کی رعایت دینے پر غور کرنا چاہیے۔
 

ڈی ٹی سی بسوں میں مفت سفر: 

 
آپ کو بتاتے چلیں کہ 2020 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے عام آدمی پارٹی کی حکومت نے اسی طرح دہلی کی ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران حکومت کے اس فیصلے پر کئی سوالات اٹھائے گئے۔ لیکن پچھلے 5 سالوں سے ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کا سفر مفت ہے اور اروند کیجریوال اسے کئی بار ایک کارنامہ قرار دے چکے ہیں۔ یاد رہے کہ فی الحال دہلی میٹرو میں کسی بھی زمرے کے لیے کرایہ میں کوئی رعایت نہیں ہے۔
 
 

سنجے سنگھ کا بی جے پی پر نشانہ!

عآپ کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا، بی جے پی نے پوروانچلی برادری کے صرف 5 امیدوار کھڑے کیے ہیں، انہوں نے پوروانچلیوں کو 'بنگلہ دیش، روہنگیا' کہا ہے، دہلی میں بی جے پی نے پوروانچلیوں کے لیے کیا کیا؟ جبکہ عآپ حکومت نے پچھلے 10 سالوں میں پوروانچلیوں کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔
 

دہلی میں آج نامزدگی کا آخری دن:

دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔ دہلی کی تمام 78 سیٹوں پر 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی اور اس کے بعد 8 فروری کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔اس الیکشن میں بی جے پی ، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ تینوں پارٹیاں انتخابی مہم میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہیں اور نئے وعدے کرکے دہلی کے عوام کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔