• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • بہار بورڈ امتحان: ایڈمٹ کارڈ کھونے کے بعد بھی دے سکتے ہیں امتحان، جانیے بورڈ کا نیا اصول

بہار بورڈ امتحان: ایڈمٹ کارڈ کھونے کے بعد بھی دے سکتے ہیں امتحان، جانیے بورڈ کا نیا اصول

Reported By: | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jan 18, 2025 IST

image
بہار بورڈ کے انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں۔ انٹرمیڈیٹ کا امتحان یکم فروری سے 15 فروری 2025 تک دو شفٹوں میں منعقد کیا جا رہا ہے،تو دوسری طرف میٹرک کا امتحان 17 فروری سے 25 فروری تک جار ی رہےگا۔ بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحان کے لیے ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیا ہے۔تاہم  اس بار ایڈمٹ کارڈ کھو جانے کے بعد بھی طالب علم کو امتحان دینے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بورڈ نے اس مسئلے کو دور کرنے کے لیے قواعد میں تبدیلی کی ہے۔ 
 
  ایڈمٹ کارڈ کھو جانے پر بھی  دے سکیں گے امتحان :
دراصل  انٹر اور میٹرک کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے۔اگر کسی طالب علم کا ایڈمٹ کارڈ گم ہو جاتا ہے یا غلطی سے اسے امتحانی مرکز میں نہیں لاتا ہے، تو اس کی شناخت کی تصدیق اٹینڈنس شیٹ میں موجود اسکین شدہ تصویر اور رول شیٹ سے کی جائے گی اور اسے امتحان میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
 
ایڈمٹ کارڈ اور شناختی کارڈ سے متعلق ہدایات:
انٹر اور میٹرک کے امتحانات کے ایڈمٹ کارڈ جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جن طلباء کے ایڈمٹ کارڈ میں تصویر سے متعلق غلطیاں ہیں انہیں امتحان میں شرکت کی اجازت ہوگی۔اگر ایڈمٹ کارڈ پر غلط تصویر چھپی ہوئی ہے یا کسی دوسرے شخص کی تصویر ہے تو ایسے طلبہ کو اپنے ساتھ درست شناختی کارڈ لے کر امتحانی مرکز پہنچنا ہوگا۔ آدھار کارڈ، پین کارڈ، ووٹر آئی ڈی، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، یا تصویر کے ساتھ بینک پاس بک کو شناختی ثبوت کے طور پر قبول کیا جائے گا۔ جن طلباء کے ایڈمٹ کارڈ میں غلطیاں ہیں وہ اپنے شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ فوٹو کاپی (گزٹیڈ آفیسر سے تصدیق شدہ) امتحانی مرکز میں جمع کرائیں گے۔ نیز، انہیں اصل شناختی کارڈ کے ساتھ ذاتی طور پر حاضر ہونا ہوگا۔ سینٹر سپرنٹنڈنٹ طالب علم کو اس کے چہرے کی تصدیق  سے امتحان میں شرکت کی اجازت دے گا۔