• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • عدالت نے ننگلوئی میں کانسٹیبل سندیپ کے قتل کیس میں چار ملزمان کے خلاف چارج شیٹ کا لیا نوٹس

عدالت نے ننگلوئی میں کانسٹیبل سندیپ کے قتل کیس میں چار ملزمان کے خلاف چارج شیٹ کا لیا نوٹس

Reported By: | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jan 18, 2025 IST

image
تیس ہزاری کورٹ نے ننگلوئی میں سندیپ نامی کانسٹیبل کےقتل معاملے میں دہلی پولس کی طرف سے داخل کی گئی چارج شیٹ کا نوٹس لیا ہے۔ چاروں ملزمان کے خلاف دائر چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نیہا نے کیس کی اگلی سماعت 2 فروری کو کرنے کا حکم دیا ہے۔یادرہے کہ دہلی پولیس نے 27 دسمبر 2024 کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔ چارج شیٹ میں دہلی پولیس نے رجنیش، دھرمیندر، جیتندر اور منوج کو ملزم نامزد کیا ہے۔ دہلی پولیس نے رجنیش اور دھرمیندر کے خلاف انڈین جسٹس کوڈ کی دفعہ 221، 132، 103،249 اور 3(5) کے تحت الزامات درج کیے ہیں، جس میں قتل بھی شامل ہے۔ وہیں ملزم جیتندر اور منوج کے خلاف کلیدی ملزم کو پناہ دینے کا الزام ہے۔
 
دہلی پولیس نے یکم اکتوبر 2024 کو ڈرائیور دھرمیندر کو گرفتار کیا تھا۔ جبکہ رجنیش کو 30 ستمبر 2024 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس کے مطابق رجنیش اس کار میں بیٹھا تھا جس میں پولیس اہلکار کو گھسیٹ کر قتل کیا گیا۔ دہلی پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد ملزم اپنے دوست سے ملنے ہماچل پردیش کے پاونٹا صاحب گیا تھا۔
 
دہلی پولیس کے مطابق 29 ستمبر 2024 کی رات کانسٹیبل سندیپ ملک سول ڈریس میں نائٹ ڈیوٹی پر تھا۔ اس دوران سندیپ نے دیکھا کہ ایک تیز رفتار کار لاپرواہی سے چلائی جا رہی ہے۔ سندیپ نے ڈرائیور کو گاڑی ٹھیک سے چلانے کو کہا اور آگے بڑھ گیا۔  اس کے بعد پیچھے سے تیز رفتار  کار  نے سندیپ کی بائک کو ٹکر ماری۔ کار سندیپ کو تقریباً دس میٹر تک گھسیٹتا رہااور اس کے بعد ملزم بھاگ گیا۔بری طرح سے زخمی کانسٹیبل کو قریبی سونیا اسپتال لے جایا گیا، لیکن اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے بالاجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔