• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • دہلی اسمبلی انتخابات: گزشتہ 7 انتخابات میں صرف 39 خواتین نے درج کی جیت،80 فیصد کی ضمانت ہوئی ضبط

دہلی اسمبلی انتخابات: گزشتہ 7 انتخابات میں صرف 39 خواتین نے درج کی جیت،80 فیصد کی ضمانت ہوئی ضبط

Reported By: | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jan 19, 2025 IST

image
دہلی میں 5 فروری کو اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہونی ہے ۔ تمام پارٹیاں خواتین ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے بڑے بڑے وعدے کر رہی ہیں۔گزشتہ چند سالوں کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اگرچہ ووٹنگ میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہوا ہے لیکن انتخابات جیتنے کے بعد اسمبلی تک پہنچنے والی خواتین کی تعداد میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔دہلی کی انتخابی تاریخ میں خواتین ایم ایل ایز کی تعداد ابھی تک دہائی کے اعداد و شمار کو نہیں چھو سکی ہے۔
 

خواتین ووٹرز کی تعداد کیسے بڑھ رہی ہے؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق 1998 سے 2008 کے درمیان ہونے والے تین انتخابات میں خواتین ووٹرز کی تعداد 56 فیصد یا اس سے کم تھی۔تاہم 2013، 2015 اور 2020 کے گزشتہ انتخابات میں خواتین نے ووٹنگ میں بڑے پیمانے پر حصہ لیا اور اب یہ تعداد 60 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر 100 میں سے 60 خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہی ہیں۔
 
1993 سے اب تک صرف 39 خواتین انتخابات میں کامیاب ہوئی ہیں۔ 1993 سے اب تک دہلی میں ہوئے 7 اسمبلی انتخابات میں صرف 39 خواتین ہی جیت پائی ہیں ۔1998 کے انتخابات میں سب سے زیادہ 9 خواتین ایم ایل اے بنیں۔ ایک بار بھی خواتین ایم ایل ایز کی تعداد دہائی کے اعداد کو نہیں چھو سکی۔1993 سے اب تک 491 خواتین اسمبلی انتخابات میں حصہ لے چکی ہیں، لیکن ان میں سے تقریباً 80 فیصد کی ضمانت ضبط ہو چکی ہے۔ 2008 اور 2013 میں 3-3 خواتین نے کامیابی حاصل کی تھی۔
 

اس بار کتنی خواتین انتخابی میدان میں ہیں؟

اس اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) ، بی جے پی اور کانگریس نے 9-9 خواتین کو ٹکٹ دیا ہے۔ اس طرح اس انتخابی معرکے میں 27 خواتین اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔2020 کے اسمبلی انتخابات میں 24 خواتین میدان میں تھیں، جن میں سے 8 نے کامیابی حاصل کی۔اور یہ سبھی عآپ کے امیدوار تھے۔
 
یاد رہے کہ دہلی میں 71 لاکھ خواتین ووٹرز ہیں۔ اس کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے عآپ، بی جے پی اور کانگریس نے خواتین کو ہر ماہ ایک مقررہ رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔کچھ حالیہ اسمبلی انتخابات میں خواتین سے متعلق اسکیموں نے پارٹی کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی کی خواتین کے لیے اعلانات کی دھوم مچی ہوئی ہے ۔2020کے انتخابات سے پہلے، عآپ نے خواتین کے لیے مفت بس سفر شروع کیا تھا۔
 

دہلی میں ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ۔

دہلی کی تمام 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔یہاں پر عآپ، بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی میں کل 1.55 کروڑ ووٹر ہیں، جن میں سے 8.49 لاکھ مرد ہیں، جب کہ 71.74 لاکھ خواتین ہیں۔ گزشتہ 2 انتخابات میں عآپ نے یہاں بڑی جیت درج کی ہے۔جبکہ 2020 میں کانگریس کا ایک بھی ایم ایل اے نہیں جیتا تھا۔