جموں و کشمیر کے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب منگل کو مائن بلاسٹ کا معاملہ سامنےآیا ہے۔ اس میں کم از کم چھ فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے راجوری کے آرمی اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق فوجی جوان گشت پر تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا۔ یہ حادثہ آج یعنی 14 جنوری کو صبح 10.45 بجے کے قریب پیش آیا۔ 5/3 گورکھا رائفلز (GR) کا ایک دستہ کھمبا قلعہ کے قریب گشت کر رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق زخمی فوجیوں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ کھمبا قلعہ راجوری کے قریب گشت کے دوران حادثاتی طور پر مائن بلاسٹ دھماکے میں چھ فوجی زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب فوج کا ایک سپاہی معمول کی گشت کے دوران غلطی سے بارودی سرنگ پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا ۔بتادیں کہ لائن آف کنٹرول کے قریب دراندازی مخالف نظام کے حصے کے طور پر آگے کے علاقوں میں بچھائی جاتی ہیں۔ کئی بار شدید بارشوں کی وجہ سے یہ بارودی سرنگیں پھسل جاتی ہیں جس سے ایسے حادثات پیش آتے ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں 4 جنوری کو جموں و کشمیر کے بانڈی پور میں فوج کا ایک ٹرک بے قابو ہو کر پہاڑی سے نیچے جا گرا تھا، جس میں 4 فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہو ئے تھے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ضلع کے صدر کوٹ پائین علاقے کے قریب تیز موڑ لینے کی کوشش کے دوران ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا۔ جس میں کچھ فوجی اہلکار زخمی بھی ہوۓ تھے۔