کانگریس نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے 21 امیدواروں کی پہلی لسٹ جاری کر دی ہے۔ کانگریس نے سینئر لیڈر سندیپ ڈکشٹ کو نئی دہلی سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔
بتا دیں کہ عآپ نے ابھی تک اس سیٹ پر کسی امید وار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال مسلسل تین بار اسی سیٹ سے ایم ایل اے رہے ہیں۔ساتھ ہی کانگریس نے بدلی سے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کو ٹکٹ دیا ہے۔
اس کے علاوہ کانگریس کی پہلی فہرست میں تین مسلمانوں کو بھی امیدوار بنایا گیا ہے۔کانگریس نے پہلی فہرست میں مصطفی آباد سیٹ سے علی مہدی، سیلم پور سے عبدالرحمان اور بالی مارن سیٹ سے ہارون یوسف کو ٹکٹ دیا ہے۔
وہیں پٹپڑ گنج سے کانگریس نے انیل چودھری کو امیدوار بنایا ہے جہاں اسکا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے امیدوار اودھ اوجھا سے ہوگا۔
اسکے علاوہ مصطفی آباد سے کانگریس کے علی مہدی کا مقابلہ عآپ کے عادل احمد خان سے ہوگا۔سیلم پور سے کانگریس کے عبدالرحمان کا مقابلہ عآپ کے زبیر چودھری سے ہوگا۔
ساتھ ہی بتاتے چلیں کہ کانگریس نے پہلی فہرست میں نریلا سے ارونا کماری کو میدان میں اتارا ہے، یہاں ان کا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے امیدوار دنیش بھردواج سے ہوگا۔راجندر تنور کو چھتر پور سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ عآپ نے اس سیٹ سے برہم سنگھ تنور کو اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔
21 امیدواروں کی اس فہرست میں کانگریس نے براری سے منگیش تیاگی، آدرش نگر سے شیونک سنگھل، بدلی سے دیویندر یادو، سلطان پور ماجرا سے جئے کشن، ناگلائی جاٹ سے روہت چودھری، شالیمار باغ سے پروین جین، وزیر پور سے راگنی نائک، انیل صدر بازار سے بھاردواج، چاندنی چوک سے مدیت اگروال، تلک نگر سے پی ایس باوا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔اسی طرح کانگریس نے دوارکا سے آدرش شاستری، نئی دہلی سے سندیپ ڈکشٹ، کستوربا نگر سے ابھیشیک دت، چھتر پور سے راجندر تنور، امبیڈکر نگر سے جئے پرکاش، گریٹر کیلاش سے گروت سنگھوی، پتپر گنج سے انیل کمار کو میدان میں اتارا ہے۔