دہلی:13 جون (نصف ٹی وی) مذہب اسلام کے خلاف بنائی گئی ہندوستانی فلم "ہم دو ہمارے بارہ" نمائش ہونے پر سپریم کورٹ نے پابندی لگا دی ہے، اعلی عدالت نے اس سلسلہ میں بامبے ہائی کورٹ کے عبوری حکم پر روک لگادی ہے، سپریم کورٹ نے کہاہے کہ ٹیزر انتہائی قابل اعتراض ہے، واضح رہے کہ فلم کے جاری کیے گئے ٹیزر میں مسلمانوں کو انتہائی وحشیانہ انداز میں خواتین پر تشدد کرتے دکھایا گیا ہے جب کہ ٹریلر میں مقدس کتاب قرآن پاک کی آیات کا مفہوم بھی غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ مذہب اسلام میں خواتین کی اہمیت ثانوی ہے اور مسلمان خواتین کودوسرے درجے کا انسان تصور کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ عدالت کے مطابق فلم کی نمائش اس وقت تک رکی رہے گی جب تک کہ بامبے ہائی کورٹ اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں لے لیتی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا کی تعطیلاتی بنچ نے فلم کی ریلیز کی اجازت دینے والے بمبئی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر یہ حکم جاری کیاہے، عدالت نے کہاکہ فلم کا ٹیزر انتہائی قابل اعتراض ہے اس لئے ہم اسے ابھی ریلیز کی اجازت نہیں دے سکتے۔ عدالت نے کہاکہ اس سلسلہ میں پہلے بمبئی ہائی کورٹ کو کوئی قطعی فیصلہ لینے کی ضرورت ہے۔