آج17جون ملک بھر میں عید الضحیٰ پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے، ملک کے کئی مقامات پر نماز عید کے لئے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اسی طرح دہلی کی جامع مسجد میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے نمازعید ادا کی۔ اس موقع پر مساجد میں خصوصی دعاوں کا بھی اہتمام کیاگیا ہے جہاں ملک کی سلامتی اور امن و امان کیلئے دعائیں کی گئیں اورمظلوم فلسطینیوں کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں ساتھ ہی خطبہ کے دوران قربانی کے موقع پر صاف صفائی کا خیال بھی رکھنے کی تلقین کی گئی۔
اس عید کی خوشی کے موقع پر صدرجمہوریہ، نائب صدر، وزیراعظم نریندر مودی، راہول گاندھی اور دیگر سیاسی لیڈروں نے بھی ملک بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ صدر جمہوریہ نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا کہ "تمام اہل وطن خصوصاَ ملک و بیرون ملک میں مقیم مسلم بھائی بہنوں کو عید الضحیٰ کی دلی مبارکباد! ایثار اور قربانی کا یہ تہوار ہمیں اپنی خوشیاں سب کے ساتھ، خاص طور پر ضرورت مند لوگوں کے ساتھ بانٹنے کا پیغام دیتا ہے۔ آئیے! اس موقع پر ہم سب مل کر تمام اہل وطن بالخصوص محروم طبقات کے لوگوں کے مفاد میں کام کرنے کا عہد کریں"۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج عید الاضحی کے موقع پر ملک بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور سماج میں ہم آہنگی اور اتحاد کے رشتوں کو مضبوط کرنے کی خواہش کی، وزیر اعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "عید الاضحی کی مبارکباد! دعا ہے کہ یہ خاص موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی اور اتحاد کے بندھنوں کو مزید مضبوط کرے، ہر کوئی خوش اور صحت مند رہے"۔
اسی طرح کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے بھی مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی، راہول گاندھی نے کہاکہ "آج نہ صرف مسلمانوں کیلئے بلکہ پورے ملک کیلئے ایک خاص موقع ہے"۔ انہوں نے کہاکہ "لوک سبھا انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ اس ملک کو نفرت نہیں بلکہ محبت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ میں اس خاص موقع پر امید کرتاہوں کہ آنے والے دنوں میں بھی ہمارا ملک اسی طرح گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ بنارہے"۔