مغربی بنگال: 17 جون (منصف ٹی وی) آج 17 جون صبح 9 بجے کے قریب مغربی بنگال کے نیو جلپائی گوڑی میں ایک بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا ہے جس میں کنچن جنگا ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی ہے۔ آج صبح نیو جلپائی گوڑی سے کولکاتا جاتے ہوئے کنچن جنگا ایکسپریس کی سلی گڑی کے پاس ایک مال گاڑی کی شدید ٹکر ہو گئی جس سے کنچن جنگا ایکسپریس کے کئی بوگیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ٹکر اتنا زوردار تھا کہ ایکسپریس ٹرین کی ایک بوگی مال ٹرین کے انجن پر چڑھ گئی اور دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف سمیت ریلوے اور بنگال کے اہلکار بھی بچاؤ آپریشن میں مصروف تھے۔ حادثے میں اب تک 8 افراد کے ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 50 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ملی ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس واقعہ پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "میں دارجلنگ ضلع کے فانسیوا علاقے میں ایک المناک ٹرین حادثے کے بارے میں جان کر حیران ہوں۔ ڈاکٹروں اور ڈیزاسٹر یونٹوں سمیت ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین جیا ورما نے کہا کہ بچاؤ آپریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جس میں آج صبح مغربی بنگال میں کنچنجنگا ایکسپریس سے مال گاڑی ٹکرا گئی تھی، میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں آٹھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں تین ریلوے اہلکار بھی شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی نارتھ بنگال کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی جانکاری دی کہ اس حادثے میں تقریباً 50 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اور یہ بھی کہا کہ اگرتلہ-سیالدہ روٹ پر تمام ریلوے اسٹیشنوں پر ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔
ساتھ ہی چیئرمین جیا ورما نے یہ بھی کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ مال ٹرین کے ڈرائیور نے سگنل کو نظر انداز کیا ہے۔ ریسکیو آپریشن صبح 8:55 منٹ پر حادثے کے فوراً بعد شروع کر دیا گیا تھا۔اور انہوں نے یقین دلایا کہ حفاظت ریلوے کی پہلی ترجیح ہے اور تنظیم ریل آپریشن کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ یہ انسانی غلطی ہے لیکن مزید تفصیلات انکوائری کے بعد سامنے آئیں گی۔
اس حادثے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی غم کا اظہار کیا،اور اس حادثے میں مرنے والے کے لواحقین اور زخمیوں کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔