نئی دہلی: 22 جون (منصف ٹی وی) پیپر لیک کے سلسلے میں مرکزی حکومت کی جانب سے پبلک ایگزامینیشن ایکٹ 2024 نافذ کر دیا گیا ہے، یہ قانون امسال فروری میں منظور کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سال فروری میں پبلک ایگزامینیشن ایکٹ 2024 کے نام پر اینٹی پیپر لیک قانون کو صدر دروپدی مرمو نے منظوری دی تھی۔ اس قانون کا مقصد یہ ہے کہ تمام بڑے عوامی امتحانات میں زیادہ شفافیت نیز امیدواروں کو یقین دلایا جائے کہ امتحان میں کوئی غلطی نہیں ہوئی ہے۔ دراصل ان دنوں NET اور NEET پیپر لیک کو لے کر ملک میں ہنگامہ برپا ہے، ایسے میں حکومت نے اس قانون کو لاگو کرکے ایک بڑا پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ امتحان میں شفافیت ہوگی اور اگر کسی نے اس ایکٹ کی مخالفت کی اور امتحانی پرچہ میں دھوکہ دھڑی کی تو اس ایکٹ کے تحت مجرم کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا اور ایک کروڑ روپے تک کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔ خیال رہے کہ مرکزی حکومت نے پیپر لیک کے سلسلے میں پبلک ایگزامینیشن ایکٹ 2024 نافذ تو کر دیا ہےلیکن اس پر ردعمل دیتے ہوئے آرجے ڈی لیڈر بھائی وریندر کا کہنا ہے کہ قانون تو بننا ہی چاہئے لیکن سوال یہ ہے کہ جہاں جہاں بی جے پی کی سرکار ہے وہیں یہ پیپر لیک کیوں ہورہے ہیں۔ بی جے پی کو ملک کی عوام کو اس کا جواب دینا ہوگا۔