Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

تلنگانہ حکومت کی گزارش پر عید میلاد النبی کے جلوس کو تین دن کیلئے ملتوی کرنے پر، میلاد کمیٹی نے رضامندی کا کیا اظہار

حیدر آباد میں عید میلاد النبی کا جلوس 19 ستمبر کو نکالا جاۓ گا۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی حیدرآباد میں مرکز میلاد کمیٹی کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا۔ جہاں گنیش تہوار کے پیش نظر تلنگانہ حکومت اور وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی اپیل پر میلاد کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس بار عید میلاد النبی کا جلوس 19 ستمبر یعنی 14 ربیع الاول کو نکالا جائے گا جبکہ ہر سال عید میلاد النبی کا جلوس 12 ربیع الاول کو ہی نکالا جاتا ہے۔
بتا دیں کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ کانگریس حکومت نے عید میلاد النبی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ 
جہاں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سکریٹریٹ میں جشن عید میلاد النبی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس اجلاس میں 7 ستمبر سے گنیش چتورتھی اور 17 ستمبر کو گنیش وسرجن کے سلسلہ میں عید میلاد النبی کے جلوس کو ملتوی کرنے کے امکان پر بھی غور و خوص کیا گیا۔ چیف منسٹر اور وزرا نے میلاد کمیٹی سے خواہش کی کہ وہ عید میلاد النبی کے جلوس کو تین دن کیلئے ملتوی کریں جس پر میلاد کمیٹی نے 19 ستمبر کو میلاد جلوس نکالنے پر رضامندی ظاہر کی۔
کمیٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ شہرمیں نظم وضبط‘ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار کھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کوٹالنے کے لئے ہم عید میلاد النبی کے جلوس کو 16 ستمبر کے بجائے 19 ستمبر کو نکالنے پر رضا مند ہوئے ہیں۔
مرکز میلاد کمیٹی کے اس فیصلہ کی ریونت ریڈی نے ستائش کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے وزراء کے علاوہ تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی، مرکزی میلاد کمیٹی کے ذمہ داران سمیت دیگر لیڈروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں خاص طور پر حیدر آباد کے پرانے شہر میں عید میلاد النبی  کے موقع پر مناسب انتظامات کے لئے مختلف محکموں کو ہدایت دی۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ مجلس اتحادالمسلمین کا جلسہ رحمۃ اللعالمین 20 ستمبر کو دارالسلام میں منعقد ہوگا جبکہ دوسرے دن 21ستمبر کو نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد ہوگا۔