آۓ دن ہندوستان میں شر پسند طاقتیں ملک کے امن و امان کو بگاڑ رہی ہیں،گؤ کشی کے نام پر مسلمانوں کا ماب لنچنگ کیا جارہا ہے۔
مذہبی نفرت میں چور ہریانہ کے چرخی دادری ضلع میں گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں ہندو شر پسندوں نے صابر نامی مسلم مزدور کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا ۔ صابر جو کہ مغربی بنگال کا رہنے والا تھا،نہایت ہی غریب گھرانے سے انکا تعلق تھا۔ خاندان کی پرورش کے خاطر ہریانہ میں مزدوری کر رہا تھا،تا کہ اپنے پریوار کو دو وقت کی روٹی کھلا سکے اور انکے پیٹ کو پال سکے۔
اس سنگین واقعہ پر پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے مزدور کو گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں بری طرح پیٹا تھا جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔ اس جرم میں ملوث ملزم ابھیشیک، موہت، اور کمل جیت نے متاثرہ صابر کو پلاسٹک کی خالی بوتلیں بیچنے کے بہانے دکان پر بلایا اور بعد میں اس کی بری طرح سے پٹائی کی۔
جب کچھ لوگوں نے اس معاملے میں مداخلت کی تو ملزمان نے صابر کو دوسری جگہ لے جا کر دوبارہ مارا پیٹا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔
اس معاملے میں پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور دو دیگر نوعمروں کو بھی پکڑا گیا ہے۔