Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

جھارکھنڈ میں کانسٹیبل بھرتی دوڑ کے درمیان 12 امیدواروں کی موت کے بعد، بھرتی میں بڑی تبدیلی کا فیصلیہ،10 کلومیٹر کی دوڑ سے ملے گی راحت

جھارکھنڈ میں کانسٹیبل بھرتی کی دوڑ کے دوران 12 امیدواروں کی موت ہو جانے کے بعد ریاستی حکومت نے اس معاملے کو سنگین میں لیتے  ہوئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ریاستی حکومت نے کانسٹیبل بھرتی کے عمل میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد اب امیدواروں کو 10 کلومیٹر تک دوڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
پہلے امیدواروں کو 60 منٹ کے اندر 10 کلومیٹر کی دوڑ پوری کرنی ہوتی تھی، جس کی وجہ سے کئی امیدوار ریس مکمل کرنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتے تھے۔ اس سلسلے میں محکمہ پولیس اب فاصلہ اور وقت دونوں کم کرنے جا رہا ہے۔ محکمہ پولیس نے حکومت کے سامنے دو متبادل پیش کیے ہیں۔
محکمہ پولیس اب کانسٹیبل بھرتی کے لیے 5 سے 6 منٹ میں 1.5 کلومیٹر یا 5 کلومیٹر کی دوڑ 25 منٹ میں پوری کرنے کا معیار طے کرنے جا رہی ہے یعنی اب امیدواروں کو 10 کلومیٹر کی دوڑ پوری کرنے سے راحت مل جائے گی۔ جھارکھنڈ پولیس کے ایک ڈی آئی جی رینک کے افسر نے جانکاری دی کہ حکومت کو ان دونوں متبادل کے بارے میں بتایا گیا ہے اور اس تبدیلی پر آنے والے امتحانات اور بھرتی میں عمل درآمد کیا جائے گا۔
بتا دیں کہ جھارکھنڈ میں اس وقت کانسٹیبل بھرتی کا عمل تقریباً 80 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ اس دوران 12 امیدواروں کی موت کے بعد ملک بھر میں دوڑ کے پیمانہ پر بحث چھڑ گئی ہے۔ حالانکہ بچی ہوئی 20 فیصد بھرتی کا عمل پرانے ضابطے کے مطابق ہی مکمل ہوگا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی فوج میں بھرتی کے لیے 5.45 منٹ میں 1.6 کلومیٹر دوڑنا ہوتا ہے۔ وہیں خواتین کو اس کے لیے ساڑھے 7 منٹ کا وقت دیا جاتا ہے۔ نیم فوجی دستوں کے لیے 5 کلومیٹر کی دوڑ 24 منٹ میں پوری کرنی ہوتی ہے جبکہ خواتین کو ساڑھے 8 منٹ میں 1.6 کلومیٹر دوڑنا ہوتا ہے۔