Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
World

خانۂ کعبہ کی چابی عبد الوہاب الشیبی کو سونپ دی گئی ہے

بیت اللہ کے 77 ویں نگراں اور کلید بردار ڈاکٹر شیخ صالح الشیبی کی وفات کے بعد اب خانہ کعبہ کی چابی عبدالوہاب بن زین العابدین الشیبی کو سونپ دی گئی ہے۔ عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  خوش نصیب عبدالوہاب بن زین العابدین نے کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے، آپ سب دعا کریں کہ میں رب العالمین کے گھر کی خدمت احسن طریقے سے کرسکوں۔
 
اطلاع کے مطابق عبدالوہاب بن زین العابدین الشیبی کو خانۂ کعبہ کا 78 واں محافظ بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وصیت کے مطابق خانہ کعبہ کی چابی بنی شیبی نامی قبیلے کے پاس رہتی ہے۔ یاد رہے کہ اس خاندان کو 630 عیسوی میں فتح مکہ کے بعد بیت اللہ کے نگران کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور عبدالوہاب بن زین العابدین الشیبی اسی خاندان کے78ویں نگران ہیں۔
 
واضح رہے کہ کعبہ کی چابی عام طور پر بنی شیبہ  کے سب سے بڑے عمردراز فرد کو سونپی جاتی ہے۔ اور یہی وہ خاندان ہے بیت اللہ کو کھولتا اور بند کرتا ہے، اندر و باہر سے صاف کرتا ہے، غلاف یعنی کسوہ چڑھانا اور غلاف پھٹ جانے یا ادھڑ جانے کی صورت میں اس کو پھر سے درست کرنا اور بیت اللہ کی نگرانی کرنا ساری ذمہ داری اسی قبیلہ کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ خانۂ کعبہ کی موجودہ تالا اور چابی 18 قیراط سونے اور نکل سے بنی ہوئی ہے۔