Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

شہر آسنسول مدرسہ رضاۓ غوث میں علماۓ کرام کی ایک اہم نششت

 مدرسہ رضائے غوث، اوکے روڈ، آسنسول میں 9 ستمبر 2024 بروز سوموار بعد نمازِ عشاء ایک اہم نشست منعقد ہوئی جس میں علاقے کے معزز علماء کرام، ائمہ مساجد اور اہلِ سنت والجماعت کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس نشست کا مقصد علاقے میں "جلوسِ محمدی سینٹرل کمیٹی آسنسول" کی تشکیل پر غور و خوض کرنا تھا تاکہ دینِ متین کی خدمت اور عوامی بہبود کے کام ایک منظم اور متحد پلیٹ فارم کے تحت انجام دیے جا سکیں۔
نشست میں طے پایا کہ ہر محلے سے 3-4 متحرک اور باصلاحیت افراد کو کمیٹی میں نمائندہ منتخب کیا جائے گا۔ یہ کمیٹی 12 ربیع الاول کو منعقد ہونے والے جلوسِ محمدی کے تمام انتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔ جلوس کے انتظامات میں روٹ کا تعین، حفاظت کے انتظامات اور شرکاء کے لیے سہولیات کی فراہمی شامل ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ ناموسِ رسالت ﷺ کے حوالے سے تحفظ اور آگاہی مہمات بھی اسی کمیٹی کے تحت چلائی جائیں گی۔
کمیٹی کے زیرِ انتظام علاقے میں فلاحی سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی جن میں غرباء کی مدد، تعلیمی منصوبوں کا فروغ ارتداد کے بڑھتے ہوئے مسائل اور دیگر سماجی خدمات شامل ہیں۔ ان خدمات کے لیے ایک مستقل فنڈ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ دینی اور سماجی خدمات باقاعدگی سے انجام دی جا سکیں۔
نشست کی صدارت مولانا ابراہیم شمسی صاحب نے فرمائی جبکہ شرکت کرنے والے دیگر معزز علماء کرام میں قاری نثار احمد رضوی، مفتی سعود عالم مصباحی، مولانا الحاج  صدام ارزو نعیمی، مولانا عیسیٰ مصباحی، حافظ زین العابدین، حافظ رضوان قادری، حافظ عاقب رضا، حافظ سراج اور حافظ شمشیر حنفی شامل تھے۔ اس موقع پر عوام اہلسنت کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی جن میں سجاد صاحب، ماسٹر معین صاحب، محمد نسیم، شاہ عالم اور محمد صلاح الدین سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔
نشست کے آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے حتمی ممبران کا انتخاب 12 ربیع الاول کے جلوس کے بعد ایک مشاورتی نشست کے ذریعے کیا جائے گا۔ کمیٹی کے قیام کے بعد اس میں اسنسول اور برن پور کے مختلف محلوں، جیسے مصدی محلہ، بہشتی محلہ، ریل پار بابو تالاب، اوکے روڈ، گلزار محلہ، علی نگر، پاور ہاؤس، شیر تالاب، چربی محلہ، پرانا اسٹیشن، بسٹن بازار، بودا اور آزاد نگر حمید نگر بیراگی تالاب  وغیرہ سے افراد کو شامل کیا جائے گا تاکہ کمیٹی ایک مضبوط اور فعال تنظیم بن سکے۔
اہلِ علاقہ نے اس کمیٹی کے قیام کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کمیٹی دین کی خدمت اور سماجی بہبود کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔
اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ کمیٹی مسلکِ اہلِ سنت کی بقا اور فروغ کے لیے بہترین خدمات انجام دے۔ آمین