Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

مرکزی حکومت کا بزرگوں کو تحفہ 5 لاکھ روپے کی مفت علاج کی سہولت،ملے گا 'آیوشمان یوجنا' کا فائدہ

وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ نے 11 ستمبر بدھ کے روز 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام سینئر سٹیزنز کے لیے فلیگ شپ اسکیم آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت صحت کی کوریج کو منظوری دے دی ہے۔
آیوشمان اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپے تک کی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
اس میں آمدنی کی کوئی حد نہیں ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہری، ان کی سماجی و اقتصادی حیثیت سے قطع نظر، اس اسکیم کے فوائد حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
اس سہولت کی توسیع کا مقصد تقریباً 4.5 کروڑ خاندانوں کو فائدہ پہنچانا ہے، جن میں 6 کروڑ بزرگ شامل ہیں ۔ انہیں فی خاندان 5 لاکھ روپے کا مفت ہیلتھ انشورنس کور ملے گا۔
اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت اہل بزرگ شہریوں کو ایک نیا خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا۔ 
سال 2017 میں مودی حکومت نے قومی صحت پالیسی کے تحت یہ اسکیم شروع کی تھی۔ اس اسکیم کے تحت ملک بھر کے شناخت شدہ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج اس اسکیم کے تحت آنے کے بعد فراہم کیا جاسکتا ہے۔ 
اس اسکیم کے تحت اسپتال میں داخل ہونے سے پہلے اور 10 دن کے بعد طبی اخراجات کی ادائیگی کا بھی انتظام ہے۔ 
تاہم، کچھ ریاستیں ایسی ہیں جنہوں نے اس اسکیم کو نافذ کرنے سے انکار کردیا ہے اور وہاں ریاستی حکومت اپنی اسکیم چلا رہی ہے۔