Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
Sports

افغانستان ٹیم کی شکست کے ساتھ پہلی بار جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں

آئی سی سی  ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقی بولرز کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ  کو جیت کے لیے صرف 57 رنز کا ٹارگیٹ دیا جسے جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 8.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ ٹرانیڈاڈ ٹوباگو ویسٹ انڈیز میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلا گیا جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا مگر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی پوری ٹیم محض 11.5 اوورز میں 56 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
 
بنگلہ دیش کو ہرا کر افغانستان پہلی بار ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ تھا لیکن پروٹیز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے افغانستان کی پوری ٹیم  بکھر کر رہ گئی۔ افغانستان کے عمر زئی کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا، افغانستان کی جانب سے صرف عظمت اللہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے جبکہ رحمان اللہ گرباز، محمد نبی اور نور احمد زیرو پر آؤٹ ہو ئے۔ابراہیم زدران 2،گلبدین نائب 9، ننگیالیا خروٹے2، کریم جنت 8، راشد خان 8 اور نوین الحق 2 رنز اسکور ہی کر پائے۔ تو دوسری طرف جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3،3 جبکہ کگیسو رباڈا اور اینرک نورکیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، اس طرح ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں  بےحد خراب مظاہرہ سے افغانستان جنوبی افریقہ ٹیم کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی افریقا کو 2009 اور 2016 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، مگر اس بار جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل جیت کر خود پر لگے داغ کو بھی دھودیا ہے اور اب دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے جنوبی افریقا کا فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔