Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
World

امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دوبارہ قاتلانہ حملہ کی کوشش

امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کے مطابق سابق امریکی صدر اور 2024 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر فلوریڈا کے گولف کلب میں قاتلانہ حملہ ہوا۔
ایف بی آئی نے کہا کہ ہم نے فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں کارروائی کی ہے،ٹرمپ مکمل طور پر محفوظ ہیں اور سیکرٹ سروس اس پورے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ 
ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کا کہنا تھا کہ ’فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں واقع گولف کلب کے قریب فائرنگ ہوئی‘۔ مقامی پولیس کو جھاڑیوں میں ایک اے کے 47 ملی۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو ای میل لکھ کر کہا کہ میں کبھی ہتھیار نہیں ڈالوں گا۔ میرے ارد گرد فائرنگ ہوئی تھی،لیکن اس سے پہلے افواہیں قابو سے باہر ہوں، میں چاہتا تھا کہ آپ سب سے پہلے یہ سنیں: میں محفوظ اور ٹھیک ہوں، مجھے کوئی چیز نہیں روک سکے گی، میں کبھی ہتھیار نہیں ڈالوں گا۔
اس فائرنگ کے واقعے سے تقریباً دو ماہ قبل بھی ٹرمپ پر جان لیوا حملہ ہوا تھا۔ گزشتہ جولائی میں امریکہ کے شہر پنسلوانیا میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران ٹرمپ کو ایک سنائپر نے گولی مار دی تھی جو ان کے کان کے نچلے حصے کو لگی تھی۔