بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈرلال کرشن اڈوانی کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں ایڈمٹ کرایا گیا ہے، یاد رہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز ‘بھارت رتن’ سے نوازے جانے کے صرف تین ماہ بعد ہی سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی کو اسپتال میں ایڈمٹ کرایا گیا ہے۔ صدر دروپدی مرمو نے اڈوانی کو دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر جا کر ‘بھارت رتن’ سے نوازا تھا۔ اس رسمی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر جگدیپ دھنکھر، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ اور لال کرشن اڈوانی کے اہل خانہ نے شرکت کی تھی۔
اطلاع کے مطابق ابھی انکی حالت مستحکم ہے، ذرائع نے بتایا کہ انہیں پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی وجہ سے بدھ کی رات تقریباً 11 بجے ایمس میں لایا گیا تھا۔ جہاں انہیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ادواني في الحال ایمس کے جیریا ٹرکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 96 سالہ اڈوانی کو عمر سے متعلق مسائل کا سامنا ہے اور عام طور پر ڈاکٹر ان کا گھر پر ہی معائنہ کرتے ہیں لیکن بدھ کی رات انہوں نے یورین انفیکشن کی شکایت کی جس کے بعد انہیں ایمس لے جایا گیا ہے۔