Thursday, September 19, 2024 | 1446 ربيع الأول 16
World

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف قرارداد منظور، حق میں 124 اور مخالفت میں 14 ووٹ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کے حق میں پیش کردہ قرار داد منظور کرلی ہے۔
جس میں اسرائیل کو مقبوضہ فلسطین سے ایک سال کے اندر قبضہ ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
جنرل اسمبلی میں اس قرارداد کے حق میں 124 اور مخالفت میں 14 ووٹ آئے جبکہ 43 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، 
قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل ایک سال کے اندر غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں سے اپنی موجودگی ختم کريں۔
ساتھ ہی اسرائیل سے غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی اور تمام فریقین سے شہریوں کو تحفظ دینے کے حوالے سے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ذمہ داریوں کی تعمیل کے لیے بھی کہا گیا ہے۔
بتا تے چلیں کہ جنرل اسمبلی نے یہ قرار داد ایک ایسے وقت میں منظور کی ہے جب کہ آئندہ ہفتہ 26 ستمبر کو اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرنے والے ہیں،اسی روز فلسطینی صدر محمود عباس بھی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ جنرل اسمبلی میں یہ قرارداد عالمی عدالت انصاف کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے اور اسرائیلی بستیوں کو غیر قانونی قرار دینے کے فیصلے کے بعد پیش کی گئی۔