Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

وزیر اعلی آتشی نے کیجریوال کی کرسی چھوڑی خالی،بی جے پی نے کہا یہ آئین کی توہین ہے

دہلی کی وزیراعلیٰ آتشی نے وزیراعلیٰ عہدے کی کمان سنبھال لی ہے۔ آتشی آج پہلی بار دہلی سکریٹریٹ پہنچی، لیکن  آتشی دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اورعام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کی کرسی پرنہیں بیٹھیں۔ آتشی اپنی ایک کرسی لے کرپہنچی اوروہ اسی کرسی پربیٹھیں۔
وزیراعلیٰ آتشی نے کہا کہ ”آج میں نے دہلی کے وزیراعلیٰ کا چارج سنبھال لیا ہے۔ 
آج میرے دل میں ویسا ہی درد ہے، جوبھرت جی کا تھا، بھرت نے جس طرح بھگوان شری رام کے جلاوطن ہونے پر کھڈاؤ رکھ کر ریاست چلائی، اسی طرح میں بھی آئندہ 4 ماہ تک وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالوں گی۔
آتشی کے اس عمل پر بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ آتشی نے آئین کی توہین کی ہے۔ 
ریاستی بی جے پی صدر وریندر سچدیوا نے کہا ہے کہ یہ آئین اور وزیر اعلیٰ کے عہدہ کی توہین ہے۔ اس طرح وزیر اعلیٰ کی میز پر دو کرسیاں رکھ دی جائیں۔ آتشی جی، یہ کوئی مثالی تعظیم نہیں ہے۔ 
اپنے اس عمل سے آتشی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے وقار کے ساتھ ساتھ دہلی کے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
 کیا آپ اس طرح کے ریموٹ کنٹرول سے دہلی حکومت چلائیں گے۔
واضح رہے کہ دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں تہاڑ جیل میں بند تھے، 
جس کے بعد 13 ستمبرکوسپریم کورٹ نے اروند کیجریوال کو ضمانت دی۔ 
تہاڑ جیل سے باہرآنے کے بعد کیجریوال نے ایک ایسا اعلان کیا، جس نے سب کوحیران کردیا۔ 
کیجریوال نے 15 ستمبرکوکہا کہ وہ آئندہ دودن میں وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیں گے۔ کیجریوال نے 17 ستمبرکواستعفیٰ دیا اورپارٹی کی کمان ان کی جگہ آتشی نے سنبھالی۔