Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
National

لداخ میں فوجی مشقوں کے دوران پانچ فوجیوں کی موت پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا اظہار غم

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لداخ میں فوجی مشقوں کے دوران پانچ فوجیوں کی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
یہ فوجی لداخ کے دولت بیگ اولڈی علاقے میں دریا کو ٹینک کے ذریعہ کراس کرنے کی مشق کررہے تھے۔اس دوران دریا میں پانی کی سطح اچانک بڑھ گئی جس کی وجہ سے فوج کے پانچ جوان دریا میں بہہ گئے ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ جمعرات کی رات اس وقت پیش آیا جب ٹینک پر سوار فوجی مشق کے بعد دریائے شیوک سے ٹینک کو باہر لے جا رہے تھے۔ دریا میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہونے سے یہ فوجی وہیں پھنس گئے۔ انہیں بچانے کے لیے ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر روانہ کیا گیا لیکن پانی کی سطح اور بہاؤ اس قدر شدید تھا کہ ریسکیو مشن کامیاب نہ ہو سکا اور سپاہی جان کی بازی ہار گئے،
ہندوستانی فوجیوں کے ساتھ یہ حادثہ چین کی سرحد یعنی لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب پیش آیا ہے۔حکام نے بتایا ہے کہ لداخ میں ایل اے سی کے قریب اچانک سیلاب میں فوج کے پانچ جوان بہہ گئے ہیں۔ اس دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیاہے۔راجناتھ سنگھ نے کہاکہ لداخ میں ایک دریا کے پار ٹینک کو لے جانے کے دوران ایک بدقسمت حادثے میں ہمارے پانچ بہادر ہندوستانی فوج کے جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے.