Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
Crime

تمل ناڈو میں بی ایس پی کے ریاستی صدر"کے آرمسٹرانگ" کا قتل اور ریاست بھر میں احتجاج

تمل ناڈو: 6 جلائی (منصف ٹی وی) تمل ناڈو میں آج بروز ہفتہ بہوجن سماج پارٹی کے رہنما آرمسٹرانگ کے قتل کے بعد پارٹی لیڈر اور کارکن سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ چینئی کے پیرمبور علاقہ میں کل نامعلوم افراد نے بہوجن سماج پارٹی کے ریاستی صدر کے آرمسٹرانگ پر حملہ کرتے ہوے انھیں ہلاک کردیا تھا، پولیس نے اس معاملہ میں اب تک آٹھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ خیال رہے کہ  آرمسٹرانگ کو ان کی رہائش گاہ کے باہر بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا یہی وجہ رہی کہ بی ایس پی نے اس معاملے میں سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیاہے۔ 
واضح رہے کہ یہ واقعہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی رہائش گاہ کے سامنے پارٹی کارکنوں کے ساتھ تھے، اسی وقت بائک پر سوار چھ افراد آئے اور آرمسٹرانگ پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ جسکی وجہ سے بی ایس پی کارکنوں نے چینائی کے راجیو گاندھی سرکاری اسپتال کے باہر سڑک بلاک کردی۔ یاد رہے کہ کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بی ایس پی لیڈر کے قتل پر ردعمل ظاہر کیا۔ راہول گاندھی نے ملزمین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی اپیل کی، انہوں نے مزید کہاکہ کسی کی بھی ناحق جان جانا ٹھیک بات نہیں۔
ٹاملناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے بھی اس قتل کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے راتوں رات قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ میں آرمسٹرانگ کی پارٹی، خاندان، رشتہ داروں اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔