Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
Sports

آئی سی سی چیمپنز ٹرافی2025، ٹیم انڈیا نہیں جائےگی پاکستان

پاکستان کو 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے۔ اس کے مقابلے اگلے سال فروری- مارچ میں ہونے والے ہیں،
مگر اس سے پہلے ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے وابستہ ذرائع سے یہ خبر نکل کر آئی ہے کہ ٹیم انڈیا آئندہ سال ہونے والی چمپئنس ٹرافی کھیلنے کیلئے پاکستان نہیں جائے گی۔ بی سی سی آئی سے وابستہ ذرائع نے بتایاکہ اس کے بجائے وہ آئی سی سی سے سری لنکا یا دبئی میں میچ کرانے کی درخواست کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول آئی سی سی کو پیش کر دیاہے مگر یہ شیڈول تب ہی یقینی ہو گا جب اسے آئی سی سی سے منظوری ملے گی۔ اس سے قبل بھی انڈین ٹیم کے پاکستان نہ جانے کی واقعات سامنے آئی ہیں۔ 
بی سی سی آئی سے وابستہ ذرائع کے مطابق ہندوستانی بورڈ کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور وہ اپنے اس فیصلہ پر اٹل ہے کہ جب تک پڑوسی ملک کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات پر روک نہیں لگائی جاۓ گی، اس وقت تک دونوں ممالک کے تعلقات بحال نہیں ہوسکتے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی نے آئندہ برس ہونے والی چمپئنس ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو دی ہے۔ اس سے قبل ایشیا کپ کی میزبانی بھی پاکستان کو دی تھی تاہم اس وقت بھی ٹیم انڈیا نے اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے تھے۔ اب ایک مرتبہ پھر بی سی سی آئی نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کردیا ہے۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں اس بار پاکستان اورہندوستان سمیت 8 ٹیمیں حصہ لینے والی ہیں۔ ان 8 ٹیموں کے درمیان کل 15 میچ کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو جمع کرائے گئے شیڈول میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے میچز صرف سیکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے آخری بار 2008 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ تب ہندوستانی کرکٹ ٹیم پاکستان میں منعقدہ ایشیا کپ کھیلنے گئی تھی۔