Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
National

نیٹ یوجی امتحان دوبارہ منعقد نہیں ہوگا؛سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

سپریم کورٹ نے  اپنے حکم میں نیٹ یوجی  امتحان کے لیے دوبارہ ٹیسٹ کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ امتحان کے تقدس کی  باضابطہ  خلاف ورزی ہوئی ہے۔عدالت نے نوٹ کیا کہ ر  یکارڈ پر موجود ڈیٹا سوالیہ پرچہ کے  منظم  لیک ہونے کا اشارہ نہیں ہے جو امتحان کے تقدس میں خلل کی نشاندہی کرتا ہے۔
بتا دیں کہ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت میں اور جسٹس جے بی پاردی والا اور منوج مشرا پر مشتمل سپریم کورٹ کی تین ججوں کی بنچ نے امتحان میں بدعنوانی اور دیگر بے ضابطگیوں کا الزام لگانے والے طلباء کی طرف سے دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا ہے۔
بنچ  نے کہا کہ مذکورہ بالا وجوہات کی بناء پر، ہمارا خیال ہے کہ پورے  نیٹ یوجی 2024کے امتحان کو منسوخ کرنے کا حکم دینا نہ تو اس عدالت کے فیصلوں اور نہ ہی ریکارڈ پر موجود مواد کی بنیاد پر طے شدہ اصولوں کے اطلاق پر جائز ہے۔ سی جے آئی نے حکم نامہ پڑھتے ہوئے یہ بھی نوٹ کیا کہ موجودہ سال کے لیے ایک نئے نیٹ یوجی کا انعقاد اس امتحان میں شامل ہونے والے 24 لاکھ سے زیادہ طلبہ کے لیے سنگین نتائج سے بھر پور ہوگا۔اسی دوران  مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے بتایا کہ این ٹی اے دو دن میں  نیٹ یوجی کے حتمی نتائج کا اعلان کرے گا۔