اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ گولان کی پہاڑیوں میں ایک فٹ بال کے پچ پر راکٹ حملے میں کم از کم 12 اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیل کے مطابق مہلوکین کی عمریں 10 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔ وہیں حزب اللہ نے اس حملے میں خود کی شمولیت کی تردید کی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ اسی بیچ اسرائیل کے زیر قبضہ گولان ہائٹس پر ایک حملے میں 12 اسرائیلیوں کی موت ہو گئی،
جب کہ کم از کم 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 6 کی حالت نازک ہے۔ اسرائیل نے اس حملے کا الزام حزب اللہ پر عائد کیا ہے جب کہ حزب اللہ نے اس بات کی تردید کی۔
وہیں اسرائیلی فوج نے گولان پہاڑیوں پر ہلاکتوں کے جواب میں رات بھر لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
اتوار کی صبح اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے لبنان کے اندر حزب اللہ کے سات ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس حملے میں کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل کی شمالی سرحد پر یہ حملہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد ہلاکتوں کے لحاظ سے سب سے مہلک تھا۔
حملے کے فوراً بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ حزب اللہ کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
چند گھنٹے بعد اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان جاری کر کے مشرقی لبنان میں فضائی حملوں کی تصدیق کی ہے